کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیو کراچی میں پولیو ٹیم کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے نیو کراچی سیکٹر ایف فائیو اللہ والی مسجد کے قریب پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔
مراد علی شاہ نے واقعے کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں پولیو ٹیمز سے کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کروں گا‘۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ’پولیو کے قطرے ضائع کرنا خلافِ قانون ہے، ہم ہر صورت ملک اور بالخصوص صوبے سے پولیو کا خاتمہ کریں گے‘۔
قبل ازیں نیو کراچی کے علاقے سیکٹر فائیو ایف میں انسداد پولیو مہم کے دوران ایک شہری نے اپنے گھر کے بچوں کو قطرے پلوانے سے انکار کیا اور رضاکاروں کے ساتھ بدتمیزی بھی کی۔ نوجوان کو پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات اہلکار نے سمجھانے کی کوشش کی تو وہ مشتعل ہوا اور رضاکاروں پر حملہ کیا، جس پر اہلکار نے فائرنگ کردی تھی۔
ڈپٹی کمشنر کے سیکیورٹی محافظ کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق نوجوان کے پیر میں دو گولیاں لگی ہیں جبکہ حالت خطرے سے باہر ہے۔