کراچی: مکہ ٹیرس کے مکینوں کا عمارت خالی کرنے سے انکار، ایس بی سی اے نے 15دن کی مہلت

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نےکراچی میں اکبرروڈ پر قائم چار منزلہ رہائشی عمارت  مکہ ٹیرس کے مکینوں کو 15 دن کی مہلت دے دی۔

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے تجاوزات مسمار کرنے کے حکم کے بعد کے الیکٹرک نے 14 فلیٹوں پر مشتمل عمارت کی بجلی منقطع کر دی  تاہم رہائشیوں نے عمارت کو خالی کرنے سے انکار کردیا۔

آج ایس بی سی اے کی جانب سے تجاوزات مسمار کرنے کے عمل کا آغاز کرنےکے بعد رہائشیوں نے شدید احتجاج کیا اور ان کی پولیس اور ایس بی سی اے کے عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی، جس کے باعث عمارت کا غیر قانونی حصہ گرانے کا کام روک دیا گیا۔

بعد ازاں مکہ ٹیرس کے مکینوں،پولیس اور ایس بی سی اے میں مذاکرات ہوئے جس کے تحت ایس بی سی اے اور پولیس نے مکینوں کو 15دن کی مہلت دے دی۔

ایس بی سی اے حکام کے مطابق مکینوں کو تجاوزات سے متعلق جگہوں کی نشاندہی کی جائےگی جس کے بعد مکین خود تجاوزات والی جگہوں کو مسمار کریں گے اور 15دن کے اندر  پولیس اور ایس بی سی اے کو رپورٹ دیں گے۔

حکام کے مطابق 15دن کے بعد تجاوزات کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو ایس بی سی اے خود کارروائی کرےگا۔

واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے کراچی کے نسلہ ٹاور کو بھی بارود سے گرانے کا حکم دیا ہے جس کے بعد انتظامیہ نے عمارت گرانے کے لیے کمپنیوں کو طلب کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں