کراچی ایکسپو سینٹر میں فرنیچر کی نمائش لائف اسٹائل ایکسپو کا میلہ سوات کے دستکاروں نے لوٹ لیا، بڑی بڑی کمپنیوں کا فرنیچر دھرا رہ گیا۔
صنوبر، چلغوزے اور اخروٹ کی لکڑی اور اس پر سوات کے دستکاروں کی ہنرمندی، دقیق محنت اور نفاست کے باعث نمائش دیکھنے جو بھی ایکسپو سینٹر آیا اس کے قدم سوات کے اسٹال پر پہنچ کر ٹھہر گئے۔
کندہ کاری، جڑاو اور پچی کاری کے کام والے فرنیچر پر جس کی بھی نظر پڑتی ٹھہر جاتی۔ سوات کے بنے صوفوں، میز کرسیوں، دروازوں اور دیگر چیزیں ہاتھوں ہاتھ بکتی رہیں۔
سواتی فرنیچر کا کام کرنے والے زمین خان کا کہنا ہے کہ پہلے وہ اپنی توجہ صرف ایکسپورٹ پر ہی مرکوز رکھتے تھے مگر درآمدی اخراجات میں اضافے کی وجہ سے مقامی مارکیٹ کو ہی ٹارگٹ کر رہے ہیں جس کے بہت اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سب سے منفرد نظر آنے والے فرنیچر کی قیمت بھی زیادہ نہیں ہے اور یہ فن پارے پہلی نگاہ میں توجہ حاصل کرتے ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کے تاجروں کوضروری سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ اندرون ملک اور بیرون ملک اس فرنیچر کی فروخت میں نمایاں اضافہ کیاجاسکے.