کراچی:گرین لائن منصوبےکے3ماہ کےکام میں3 سال لگ گئے،شاہدخاقان

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں جس گرین لائن منصوبے کا افتتاح آج ہوگا اس کا تین ماہ کا کام 3 سال میں پورا ہوا ہے۔

کراچی میں جمعہ کو نیب کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جس گرین لائن کا افتتاح کرنے آرہے ہیں اس کا 3 ماہ کا کام 3 سال میں پورا ہوا۔وزیراعظم کو تختیاں لگانے کا شوق ہے تو وہ یہ شوق پورا کرلیں۔نون لیگ کی وفاقی حکومت نے گرین لائن پروجیکٹ کے سارے پیسے دے دیئے تھے لیکن عمران خان کو یہ کسی نے یہ نہیں بتایا۔

انھوں نے کہا کہ یہ پتہ کریں کہ اس منصوبے کی بسوں کے لیے کون رقم کا تقاضہ کررہا تھا اور وہ کون وزیر تھا جس نے یہ رقم مانگی تھی۔کتنے کی بسیں تھیں اور کتنے کی لی گئیں، یہ تمام باتیں چئیرمین نیب جاوید اقبال کو نظر نہیں آتیں۔

انھوں نے سوال کیا کہ موجودہ حکومت کوئی ایک منصوبہ بتا دے جو اس حکومت نے شروع کیا ہو۔آج پاکستان میں نہ جمہوریت ہے اور نہ اخلاقی قدریں موجود ہیں۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور سودے بازی پر نہیں بلکہ شفاف انتخاب پر یقین رکھتے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں