کراچی کے علاقے منگھوپیر سے پولیس یونیفارم میں ملبوث جعلی پولیس انسپیکٹر اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس انسپیکٹر یونیفارم اور اسلحہ کا استعمال کر کے بلیک میلنگ، بھتہ خوری اور منشیات سپلائی کرتا تھا، ملزم قبل از بھی قتل جیسے سنگین جرم سمیت منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ نے کہا کہ ایس ایچ او منگھوپیر نے خیرآباد امن چوک کے قریب کارروائی کر کے ملزم آصف شاہ ولد سید میاں شاہ کو گرفتار کیا، گرفتار ملزم سے پولیس انسپیکٹر رینک کا یونیفارم، غیر قانونی اسلحہ اور سندھ پولیس نمبر پلیٹ لگی ہوئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
ایس ایس پی ویسٹ سوہائی عزیز کا مزید کہنا تھا کہ دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ ملزم کے مزید ساتھی بھی ہیں جو کہ پولیس یونیفارم کا استعمال کر کے بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کرتے ہیں، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔