سال 2022 کے سلسلے میں کی گئی شدید ہوائی فائرنگ سے کراچی میں 18 افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعات کورنگی، عزیز آباد، لیاقت آباد، بلدیہ رنچھوڑ لائن، سہراب گوٹھ، پریڈی، کالا پل، گلستان جوہر، سولجر بازار، ملیر گوشت مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں ہوئے۔
کراچی میں پولیس کی کوششوں کے باوجود سال نو کے موقع پر شدید ہوائی فائرنگ کی گئی۔ ہوائی فائرنگ سے گولیاں لگنے کے باعث 16افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے الزام میں پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق سال 2022 کے آغاز پر کراچی میں جشن کے دوران فائرنگ کا پہلا زخمی عزیز آباد کے علاقے لیاقت چوک پر ہوا جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسرے زخمی کو اولڈ سٹی ایریا کے علاقے رنچھوڑ لائن میں گھاس منڈی سے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ تیسرے زخمی نوجوان کو سولجر بازار کے علاقے سے جناح اسپتال لایا گیا۔
نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے اقرا نامی دس سالہ بچی زخمی ہوگئی۔
نئے سال کا جشن شروع ہونے سے پہلے ہی شروع ہو جانے والی ہوائی فائرنگ سے سہراب گوٹھ پل کے نیچے گولیاں لگنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
ڈیفنس اور پریڈی میں بھی فائرنگ کے واقعات سے دو افراد زخمی ہوئے۔
علاوہ ازیں الیکٹرونک مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر رضوان کی گاڑی پر بھی گولی لگی ہے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔