وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) میں موجود کچھ گروہ اور لوگ بھی پاکستان سے وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں، یہ لوگ آئین کو مان کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ٹی ٹی پی سے متعلق بیان پر کافی گفتگو کی جا رہی ہے، انہوں نے آج اصول وضع کیے ہیں، جو لوگ بھٹک گئے ہیں انہیں واپس لانا چاہتے ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ ریاست پاکستان آگ اورخون کے دریا سے ہ وکر نکلی ہے، ہم نے ہزاروں لوگوں کی قربانیاں دی ہیں۔ جس کےنتیجے میں القاعدہ جیسی تنظیموں کوشکست دی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے سے زیادہ مضبوط و پرعزم کھڑا ہے جو لوگ پاکستان سے وفاداری کا عہد نہیں نبھا سکے، وہ عہد نبھانے واپس آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں تین ہزار سے زائد ناراض افراد واپس آچکے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو زندگی کے دھارے میں واپس آنے کا موقع دینا چاہیے، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ایسے افراد کو واپس آنے کا موقع دیں گے۔