کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے: شیخ رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔

سینیٹر محسن عزیز کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے شرکت کی۔

شیخ رشید نے کمیٹی کو بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے، کالعدم تنظیم نے جو شرائط رکھی تھیں وہ قابل قبول نہیں تھیں جب کہ سیز فائر کالعدم تنظیم نے خود ختم کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب پھر ہمارا وفد بات چیت کے لیےگیا ہے مگر اطلاعات ہیں کہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے، اب کالعدم ٹی ٹی پی سے جنگ ہو گی، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوشکی اور پنجگور میں بڑی تباہی کی منصوبہ بندی سکیورٹی فورسز نے ناکام بنائی جب کہ اسلام آباد میں مارے گئے دونوں دہشتگرد اسی کالعدم تنظیم کے تھے۔

وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ یہ لوگ افغانستان کے سرحدی علاقے میں موجود ہیں، کچھ اور نئے گروپوں نے بھی ان میں شمولیت اختیار کی ہے جب کہ یہ لوگ بھارت اور افغانستان سے رابطے میں ہیں، ان لوگوں کے کسی اور سے بھی رابطے میں رہنے کے شواہد ملے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں