وزیر ماحولیات و جامعات سندھ اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر وفاق سے کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔
وزیر ماحولیات و جامعات سندھ اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان جان بوجھ کر چھوٹے صوبوں کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی نیازی سرکار سندھ کے پانی پر کئی ڈاکے ڈال رہی ہے، اب پنجاب حکومت گریٹر تھل کینال 2 منصوبہ شروع کر رہی ہے جو آبی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور یہ بحران جن ملکوں کو شدید متاثر کرے گا پاکستان ان میں سر فہرست ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے سندھ کے ساحلی اضلاع بدین، سجاول اور ٹھٹہ شدید متاثر ہو رہے ہیں، نئے منصوبے سندھ کی تباہی کا سبب بنیں گے، پنجاب اور وفاقی حکومت اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔
کالا باغ ڈیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم کے معاملے پر وفاق سے کوئی بات نہیں ہو سکتی، سندھ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیاں کالا باغ ڈیم کو مسترد کر چکی ہیں۔