افغانستان سے عارضی طور پر پاکستان لائے جانے والے غیر ملکیوں کو رہائش کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی کے ہوٹلز میں مقامی شہریوں کی بکنگ پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے 148 ہوٹلز، موٹلز اور ہاسٹلز میں 3 ہفتوں کے لیے مقامی شہریوں کو بکنگ نہ دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں کیوں کہ اس دوران ان جگہوں میں افغانستان سے آنے والے غیرملکیوں کو ٹھہرایا جائےگا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے تمام نجی ہوٹلز اور 6 مارکیز میں افغانستان سے آنے والے غیر ملکیوں کو ٹھہرانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں افغانستان سے آنے والے غیر ملکی ٹرانزٹ پیریڈ گزاریں گے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر کے نجی ہوٹلز میں 21 روز کے لیے ریزرویشن پر پابندی لگانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق آج سے ہو گا۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے غیر ملکیوں کی آمد کے پیش نظر تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں، غیر ملکیوں کو ائیر پورٹ سے ہوٹلز تک لے جانے کے لیے سکیورٹی پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے جس میں پولیس کے ساتھ دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی معاونت کریں گے۔