ڈیرہ اسماعیل خان کا میئر کون؟ فیصلہ آج ہوگا

ڈیرہ اسماعیل خان کے میئر کا فیصلہ آج ہوگا، سہ طرفہ تگڑے مقابلے کے لیے میدان سج گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں اے این پی کے امید وار عمر خطاب کے قتل کے باعث سٹی مئیر کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا تھا۔

میئر کے الیکشن کیلئے پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی خود میدان میں اترے ہیں، وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے اپنے بھائی عمر امین کو مقابلے میں اتارا ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان نے کفیل احمد نظامی کو امیدوار بنایا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی کونسل کے مئیر، بنوں کے 2 تحصیل چیئرمین اور 3 دیگر ویلیج کونسلز سمیت دیگر اضلاع کی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پی ٹی آئی امیدوار کو الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دے دیا ہے، جس کے بعد اب مقابلہ جے یو آئی ف اور اے این پی کے امیداواروں کے درمیان ہوگا۔

پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ اور کرک سمیت 13 اضلاع کے 568 پولنگ اسٹیشنوں میں آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ یہاں پہلے مرحلے میں پولنگ ملتوی ہوگئی تھی۔

تحریکِ لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کے جلسے کے بعد ٹی ایل پی کے اُمیدوار نے بھی مقابلہ مزید دلچسپ بنا دیا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں