ڈاکٹر عبد القدیر خان نے خود کو مٹا دیا اور قربانی دیکر ملک کو بچا لیا ، ناصرحسین شاہ

صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے ڈاکٹر عبد القدیر خان نے خود کو مٹا دیا اور قربانی دیکر ملک کو بچا لیا۔

تفصیلات کے مطابق محسن پاکستان ڈاکٹرعبد القدیر خان کی یاد میں نیو میمن مسجد میں دعائیہ تقریب کا انعقاد ہواجس میں صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اسلامی دنیا کو ایٹمی طاقت بنانے میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبد القدیر خان کا ہاتھ ہے ، سندھ حکومت محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے یوم وفات کو قومی دن کے طور پر منانے کے لیے وفاقی حکومت کو سفارش کرے گی۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان صرف پاکستان کے محسن نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا کے محسن ہیں ، پاکستان نے ایٹمی دھماکہ کیا تو جکارتہ سے غزہ تک جشن منایا گیا ، جیکب لائن کے سرکاری اسکول سے نکلنے والے بچے نے ایٹمی سائنس اور انجینئرنگ میں اپنا لوہا منوایا ، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے ڈالر اور پاؤنڈز کمانے کے بجائے پاک وطن کی حفاظت کو وظیفہ حیات بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرنا ڈاکٹر عبد القدیر خان کا واحد کارنامہ نہیں ، انہوں نے اپنی انجینئرنگ صلاحتیں استعمال کر کے پاک فوج کو کئی غیر معمولی میزائل بنا کر دیے ، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے خود کو مٹا دیا اور قربانی دیکر ملک کو بچا لیا۔

صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک کے کسی ایئرپورٹ یا کسی اہم ادارے کو ڈاکٹر کے نام سے منسوب کیا جائے ، اپنی نئی نسل کو ڈاکٹر عبد القدیر خان کی خدمات سے روشناس کروانے کے لئے نصاب میں مضامین شامل کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں