پی آئی اے سربراہ کا وزیراعظم کو خط، غیر ملکی ائیرلائن کو ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت پر شدید تحفظات

غیر ملکی ائیر لائن کو پاکستان میں ڈومیسٹک فلائٹس کی اجازت پر پی آئی اے سمیت ملک کی دیگر ائیرلائنز نے تحفظات کا اظہار کردیا۔

قومی ائیرلائن پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ غیرملکی ائیر لائن کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت سے پی آئی اے سمیت دیگر ملکی ائیر لائنز کو سخت نقصان ہوگا۔

خط میں کہا گیا ہےکہ حکومت نے ائیر عربیہ اور فلائی جناح کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے نام پر ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے، امریکا سمیت بیرونی دنیا کے ممالک اپنی مقامی انڈسٹری کو سپورٹ کرتے ہیں لیکن پاکستان میں ائیر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت سے قلیل مدت میں مقامی ائیر لائنز کو شدید نقصان ہوگا۔

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ ائیر عربیہ اور فلائی جناح کو ڈومیسٹک سطح پر پروازوں کی اجازت دینے کی سخت مخالفت کرتے ہیں لہٰذا مقامی ائیر لائنز انڈسٹری کو تحفظ دینے کے لیے ائیر عربیہ کو ڈومیسٹک پروازوں کی اجازت دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

واضح رہےکہ غیر ملکی ائیر لائن ائیر عربیہ اور پاکستان کی فلائی جناح ائیر کا فلائٹ آپریشن کا معاہدہ ہوا ہے جس کے ذریعے ائیر عربیہ اپنے جہاز فلائی جناح کے ذریعے پاکستان میں ڈومیسٹک سیکٹر پر چلائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں