قومی ائیر لائن کے فضائی بیڑے میں اضافہ ہوگیا، پی آئی اے کا لیز پر حاصل کیا گیا ائیر بس طیارہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے لیز پر 2 طیارے حاصل کیے ہیں جن میں سے 1 ائیر بس طیارہ اسلام آباد پہنچا ہے جبکہ دوسرا طیارہ آئندہ کچھ روز میں پاکستان پہنچے گا۔پی آئی اے انتظامیہ نے ٹینڈر کے ذریعے 2 طیارے حاصل کیے تھے۔ لیز پر حاصل کردہ یہ طیارے 2017 ساخت کے ہیں۔ کورونا کے باعث پی آئی اے 2 سال تک طیارے حاصل نہیں کرسکا۔
کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پی آئی اے کو لیز کردہ 2 طیاروں میں سے 1 مل گیا ہے۔ قومی ائیر لائن اپنے مہمان مسافروں کو بہتر اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرے گی۔اس موقعے پر پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ طیاروں کا حصول اللہ کی مہربانی اور میری ٹیم کی کاوشوں سے عمل میں آیا جو ٹیم کی شب و روز محنت کا ثمر ہے۔قومی ائیر لائن کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزیرِ ہوا بازی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ طیاروں کے حصول کا مقصد عوام کو بہتر سفری سہولیات مہیا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے کہا کہ کابل کیلئے کمرشل پروازوں کی خبر میں کوئی صداقت نہیں جبکہ اس کے متعلق کوئی حتمی فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا۔
ترجمان پی آئی اے نے 2 روز قبل اسلام آباد سے کابل فلائٹ آپریشن کے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ پیر سے کابل فلائٹ آپریشن کے دوبارہ آغاز کی خبریں بے بنیاد ہیں۔