پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آج کراچی سمیت ملک بھر میں گیس کی قلت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مظاہروں کی ہدایت چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کی ہے۔
بلاول بھٹو کی ہدایت پر آج نماز جمعہ کے بعد پیپلز پارٹی کے تحت مختلف علاقوں میں احتجاج اور مظاہرے کیے جائیں گے، تاہم پارٹی کی جانب سے مقامات کا تعین نہیں کیا گیا ہے، دوسری جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی متبادل روٹس کا اعلان نہیں کیا گیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے 30 نومبر کو پشاور میں جلسہ عام سے خطاب میں ملک گیر احتجاج کی کال دی تھی، جس کے بعد احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ 10 دسمبر کو شروع ہوا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں اپنے احتجاجی پروگرام سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ مختلف شہروں میں گھریلو صارفین کو گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کی شکایات ہیں، ساتھ ہی مختلف صنعتوں کی گیس بھی بند کردی گئی ہے