وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی سمری نظر ثانی کے لئے وزارت خزانہ کو واپس بھیج دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں کر سکتے۔
اوگرا نے آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر دوبارہ نظرثانی کرے گی۔
خیال رہے کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول باہر سے منگواتے ہیں ہمارے پاس اپنا تو کوئی ذریعہ نہیں، عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے.
فواد چوہدری نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کابینہ نہیں کرتی، یورپ امریکا تناؤکی وجہ سےعالمی منڈی میں تیل مہنگا ہورہا ہے، ہم کتنی دیرتک پٹرول کی قیمتیں روک سکتے ہیں۔