پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے آج مذاکرات میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پیٹرولیم ڈیلرز کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ حکومت سنجیدہ ہی نہیں مذاکرات میں شریک نہیں ہونگے۔
پیٹرولیم ڈیلرز نے کہاہےکہ ڈیلرز مارجن میں اضافے کا فیصلہ کرکے ہمیں بلالیں ہم ملیں گے،اس طرح بے معنی مذاکرات کا فائدہ نہیں نہ ایسے وقت ضائع کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہےکہ دو روز قبل پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 5 نومبر کو ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی تھی۔
ترجمان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ حکومت نے کمیشن میں اضافے کی یقین دہانی کروائی تھی مگر وعدہ خلافی کی۔
انہوں نے دھمکی دی کہ اگر کمیشن نہ بڑھا تو 5 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کر دیں گے۔ پیداواری لاگت کے باعث کاروبار ناممکن ہو چکا ہے۔
پٹرولیم سیلرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے کمیشن کو بڑھایا جائے ، اخراجات بڑھ گئے ہیں لیکن ہمارا کمیشن نہیں بڑھایا گیا، لوڈشیڈنگ کی وجہ سے جنریٹر چلانا پڑتا ہے، بغیر چھٹی لوگوں کو سروس دیتے ہیں۔
ترجمان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں موجودہ کمیشن میں پٹرول پمپ چلانا ممکن نہیں رہا، 5 نومبر سے پٹرول پمپوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، 28 اکتوبر کر اسلام آباد میں اعلان کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تین سال حکومت نے کمیشن بڑھانے کا لالی پاپ دے رکھا ہے۔