پیمرا نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی میڈیا کوریج پر پابندی لگادی ہے۔

پیمرا اعلامیے کے مطابق پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز کو کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی کوریج سے روک دیا ہے جبکہ ایف ایم ریڈیو، کیبل آپریٹرز اور آئی پی ٹی وی کو بھی کوریج روکنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کی میڈیا کوریج پر پابندی میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت لگائی اور میڈیا کوڈ آف کنڈکٹ 2015 کے تحت کالعدم تنظیموں کی میڈیا کوریج ممنوع ہے۔

پیمرا کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان کو 15 اپریل 2021 کو کالعدم قراردیا ہے، وزارت داخلہ نے دہشتگردی کی کارروائی میں ملوث ہونے پر ٹی ایل پی کو کالعدم قرار دیا۔

خیال رہے کہ کالعدم تنظیم کا احتجاج ساتویں روز میں داخل ہو گیا اور مظاہرین کی بڑی تعداد کامونکی میں موجود ہے۔ عسکریت پسند تنظیم کے احتجاج کے ساتویں روز مظاہر ین کے مارچ کو آگے بڑھانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ کامونکی میں متعدد کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ تعلیمی ادارے نہیں کھل سکے ۔
شہراور جی ٹی روڈ پر کاروباری مراکز نجی اور سرکاری سکول بند کرادیئے گئے ہیں جب کہ جی ٹی روڈ پردکانیں ریسٹورنٹس بھی بند کرادیئے گئے ہیں ۔

دریائے چناب پل کے قریب جی ٹی روڈ پر خندق کھودی گئی ہے اور کنٹینر بھی رکھے گئے ہیں جب کہ وزیر آباد سے سیالکوٹ جانے والی سڑک کی کھدائی کرکے دونوں شہروں کا زمینی رابطہ منقطع کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف سادھوکی کے مقام پر کھودے گئے گڑھوں کی مرمت کا کام بھی شروع نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ حکومت نے عسکریت پسند تنظیم کی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور پنجاب بھر میں دو ماہ کے لیے رینجرز بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں