پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ کے دو گروپوں میں تصادم کے بعد ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی، تصادم سرائیکی پنجابی کونسل اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں کے درمیان ہوا۔
طلبا گروپوں نے ایک دو سرے پر پتھراؤ کیا اور لاتوں و گھونسوں کا استعمال بھی کیا۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے وی سی آفس کا گھیراؤ کرلیا، دفتر کے شیشے توڑ دیے، طلبہ تنظیم کے کارکنوں کی سیکیورٹی اسٹاف سے بھی ہاتھا پائی ہوئی ہے۔
ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ کا کہنا ہے کہ ہمارے پرامن کارکنوں پر قوم پرست کونسل کے کارکنوں نے تشدد کیا، جمعیت کے تین کارکنان کی بدترین تشدد سے حالت تشویش ناک ہے، غیر قانونی عناصر کو یونیورسٹی کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے۔
ترجمان جامعہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی نے پولیس کو کارروائی کے لئے درخواست دے دی، پنجاب یونیورسٹی کا امن و امان خراب کرنے والوں کے ساتھ نرمی نہیں کی جائے گی، پولیس کے تعاون سے واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔
ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ ہنگامے میں طالب علم ملوث ہوئے تو انہیں یونیورسٹی سے نکال دیں گے۔
پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ میں تصادم کے واقعہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب نے انکوائری کا حکم دے دیا۔