وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کو واش ایبل کورونا ماسک مہیا کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق بزدار حکومت نے شہریوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کیلئے ایک اور احسن اقدام کا آغاز کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شہریوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم کا افتتاح کردیا ہے جبکہ فری ماسک تقسیم کرنے کی تقریب وزیراعلیٰ آفس میں منعقد کی گئی ۔
عثمان بزدار نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو ان کے محکموں کے افسروں اور عملے کیلئے ماسک دیئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خصوصی ماسک کورونا اور سسموگ سے بچاؤ کیلئے موثر ثابت ہوں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ ماسک کا استعمال ہر شہری کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا، کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ماسک پہننا ضروری ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں لاہور کے منتخب علاقوں میں فری ماسک تقسیم کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ مرحلہ وار لاہوراورپورے پنجاب میں فری ماسک تقسیم کئے جائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کو کورونا کی نئی لہر سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے، کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک اورسماجی فاصلہ ناگزیر ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو واش ایبل کورونا ماسک مہیا کریں گے جبکہ پوسٹ آفس کے ذریعے گھر گھر تک ماسک پہنچائے جائیں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی طلباء کو آگاہی مہم کے لئے انٹرن شپ آفر کریں گے جبکہ اسکولوں کے بچوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر فری ماسک مہیا کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ فری ماسک آگاہی مہم کیلئے مذہبی اسکالرز، فنکار اوردیگرعوامی شخصیات فلیگ مارچ بھی کریں گے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کووڈ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،کمشنر لاہور کی فری ماسک مہم قابل تقلید ہے۔