لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدسلوکی کے افسوسناک واقعہ کے بعد پنجاب حکومت نے بڑے پارکوں میں نجی سیکیورٹی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلح پرائیوٹ گارڈز موٹر سائیکلوں پر پارکوں میں گشت کریں گے، اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت نے پی ایچ اے کو پنجاب کے تمام پارکوں میں کیمرے لگانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے پُرانے کیمرے ایک ہفتہ میں ٹھیک کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پی ایچ ایز نے اپنے سیکیورٹی گارڈز کو ڈنڈا بردار فورس میں بدلنے کا فیصلہ کیا جس کے لیے پی ایچ اے فورس کی خصوصی تربیت کروائی جائے گی۔
اس حوالے سے مشیر وزیراعلیٰ آصف محمود نے کہا ہے کہ پارکوں میں لائٹس کا انتظام کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔۔
مشیر وزیراعلیٰ آصف محمود نے کہا کہ پارکوں میں خواتین کی حفاظت پی ایچ اے کا فرض ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پارکوں میں خواتین اور فیملیز کے لیے ہفتہ میں ایک دن مقرر کرنے کی تجویز ہے۔