پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کے باعث موٹرویز بند

صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافے کے باعث سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔

دھند میں اضافے کی وجہ سے موٹر وے ایم تھری کو فیض پور انٹرچینج سے سمندری تک بند کردیا گیا۔

علاوہ ازیں موٹروے ايم الیون کو محمود بوٹی سے مریدکے جبکہ ایم ٹو کو ٹھوکرنیازبیگ سے شیخوپورہ تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

دھند کی شدت میں کمی ہوتے ہی موٹر ویز کو ٹریفک کے لیےکھول دیا جائے گا۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث لاہور آنے والی ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں۔

کراچی سےلاہورآنے والی عوام ایکسپریس 5گھنٹے35منٹ اور کراچی سے لاہور آنے والی گرین لائن 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

پاک بزنس ایکسپریس 4 گھنٹے، تیزگام 2 گھنٹے، کراچی سے آنے والی قراقرم ایکسپریس 3 گھنٹے اور جعفر ایکسپریس کی آمد بھی 3 گھنٹے 45 منٹ تاخیر کا شکار ہے۔

دوسری جانب ملک کے بالا ئی علاقوں میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا، کالام ، گوپس اور اسکردو میں برفباری ہوئی ہے۔

کوئٹہ اور قلات میں منفی ، استور، مالم جبہ اور راولاکوٹ میں منفی 5 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ بالاکوٹ، چترال اور میرکھانی میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں