اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے قومی اسمبلی میں پریس گیلری بند کیے جانے کو غلط قرار دے دیا۔
جیونیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ پریس گیلری کا حکومت سے تعلق نہیں، یہ اسپیکر کا استحقاق ہوتا ہے البتہ پریس گیلری کو تالا نہیں لگنا چاہیے تھا، یہ غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلی بار میڈیا نمائندوں کو پریس گیلری میں اجازت ملنی چاہیے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میڈیا اتھارٹی پر صحافیوں کا مؤقف ہے، ہوسکتا ہے وہ وہاں ہائی لائٹ کرنا چاہتے ہوں، قانون میں تبدیلی آتی رہتی ہے، پی ایم ڈی اے میں کیا مسئلہ ہے، اس کی نشاندہی کردیں، رپورٹنگ کرنا آپ کا حق ہے۔
واضح رہےکہ صدر عارف علوی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے موقع پر حکومت نے صحافیوں پر پارلیمنٹ کے دروازے بند کردیے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر پریس گیلری کو بند کردیا گیا اور صحافیوں کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی جس پر صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔