افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفاد کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے طالبان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ طالبان نے کئی مواقع پر دہرایا کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔
خیال رہے کہ افغانستان پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد یہ کہہ چکے ہیں کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تاہم اب اپنے انٹرویو کے دوران ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس طالبان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ طالبان سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اپنے قومی مفاد کا تحفظ کرسکیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری لائی جارہی ہے، مستقبل قریب میں بارڈر کو مکمل محفوظ بنادیا جائے گا۔
باڑ لگانے سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سرحد کے 90 فیصد حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔
اپنے انٹرویو کے دوران انہوں نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کافی شہادت ہے کہ بھارتی میڈیا جعلی خبروں اور گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔