پاکستان کے بدعنوان اداروں کی فہرست جاری، پولیس سرفہرست

پاکستان کے سب سے بدعنوان اور کرپٹ ترین اداروں کی فہرست جاری کردی گئی جس میں پولیس نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ دیگر اداروں میں بھی لوٹ مار ہو رہی ہے لیکن پولیس کا کوئی ثانی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرپشن کے خلاف سرگرمِ عمل عالمی ادارے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان کے بدعنوان ترین اداروں کی فہرست شائع کردی۔ جس میں پولیس سرِ فہرست ہے۔

دوسرے نمبر پر عدلیہ جبکہ تیسرے پر ٹینڈر اور ٹھیکے داری (کنٹریکٹنگ) کا شعبہ ہے۔کرپشن کے خلاف سرگرمِ عمل ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا چوتھا بدعنوان ترین ادارہ صحت، پانچواں لینڈ ایڈمنسٹریشن جبکہ چھٹا بلدیات ہے۔
ساتویں نمبر پر تعلیم، آٹھویں پر ٹیکسیشن جبکہ نویں پر این جی اوز کرپٹ ترین ہیں۔

کرپشن واچ ڈاگ (ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 51.9 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ پاکستان میں بدعنوانی کی سب سے بڑی وجہ احتسابی عمل کی کمزوری ہے۔ 29.3 فیصد لوگوں کی رائے کے مطابق وجہ طاقتور لوگوں کا لالچی ہونا ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے 18.8 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ بدعنوانی کی بڑی وجہ کم تنخواہیں ہیں۔ 85.6 فیصد لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ وفاقی حکومت کی خود احتسابی غیر تسلی بخش ہے۔ ادارے اپنا کام ٹھیک نہیں کرتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں