مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور ‘بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن’ کے شریک چیئرمین بل گیٹس کا کہنا ہے کہ ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں، پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنےکا موقع ہے۔
بل گیٹس نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور قومی ٹاسک فورس برائےانسداد پولیو کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیےکے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس سے ملاقات کے دوران پاکستان کے لیے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت کو سراہتے ہوئےکہا کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع پولیوکےخلاف جنگ میں متحرک رہے ہیں۔
وزیراعظم نےکہا کہ عالمی دنیا کوانسانی بحران کے شکار 40 ملین افغانوں کی مدد کرنی چاہیے۔
اس موقع پر بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کےخاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہے، ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔
بل گیٹس نےکہا کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنےکا موقع ہے، کورونا کے باوجود پاکستان کے انسداد پولیو کے اقدامات حیران کن ہیں، موجودہ مرحلہ آخری اور مشکل ہے، تاہم جہد مسلسل سے پاکستان پولیو کے خاتمے کی تاریخی کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔