پاکستان میں غیر معیاری اور جعلی ادویات فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے .
پاکستان میں 2012 میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ)کے قیام کے باجود ملک میں ادویات کے معیار اور ان کی پیداوار میں خاطر خواہ بہتری نہیں آسکی اور گذشتہ چند برسوں میں ہزاروں کی تعداد میں جعلی ادویات مارکیٹ میں پائی گئی ہیں جن کی وجہ سے اب تک قیمتی جانیں ضائع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
عرب ویب سائیٹ کےمطابق دستیاب ایک سرکاری تھنک ٹینک کی نئی تحقیقاتی رپورٹ میں اس بات کاانکشاف ہواہےکہ سال 2015ء سے اب تک پاکستانی مارکیٹ میں چار ہزار 800 سے زائد قسم کی ادویات غیر معیاری پائی گئی ہیں جبکہ 454 ادویات جعلی نکلی ہیں۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس(پائیڈ)کی تحقیق کےمطابق تقریبا 222 غلط برانڈ کی ادویات مارکیٹ میں پائی گئی ہیں جبکہ1710ادویات کی وارنٹی غلط دی گئی ہے۔
گذشتہ سال 34 ادویات مارکیٹ سے واپس اٹھائی گئی جبکہ رواں برس میں ایسی ادویات کی تعداد چار تھی۔
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں ریگولیٹری ادارے نظام بنانے کے بجائے مارکیٹ کو براہ راست کنٹرول کرنا شروع کر دیتے ہیں جس سے متعلقہ شعبے میں پھلنے پھولنے کا رجحان پروان نہیں چڑھتا، ڈریپ کے قیام کے مقاصد واضح نہیں ہیں.
تحقیق کے مطابق ڈریپ کے کام کی رفتار بہت سست ہے، پاکستان میں ڈریپ کی جانب سے ابھی تک ادویات کی مقامی تیاری کے عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے اقدامات ناکافی ہیں جس کے باعث مقامی سطح پر بین الاقوامی ادویات کی تیاری کا رجحان زیادہ پنپ نہیں سکا ہے،بھارت میں ہر سال 11 ارب ڈالر کی غیر ملکی ادویات مقامی سطح پر کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ کے ذریعے بنائی جاتی ہیں جبکہ پاکستان میں صرف 50 لاکھ ڈالر کی کنٹریکٹ مینوفیکچرنگ ہوتی ہے۔
گذشتہ 20 برسوں کے دوران پاکستان میں ادویات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری 28 کروڑ ڈالر تک ہی پہنچ سکی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ادویات کی قیمتوں پر سرکاری کنٹرول کے باعث جان بچانے والی ادویات کی قلت پیدا ہو جاتی ہے اور بلیک مارکیٹ میں وہی ادویات ہوشربا قیمتوں پر بیچی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ مقامی مینوفیکچرر معیاری ادویات بنانے سے قاصر رہتے ہیں۔تحقیقی پیپر میں تجویز کیا گیا ہے کہ پاکستان میں ادویات کی ٹیسٹنگ بڑھائی جائے تاکہ صارفین کے لیے ادویات کے بہتر معیار کو یقینی بنائی جاسکے۔