اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمارے ملک میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سےکم ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ یا تو تین سالوں میں تیل کے کنوئیں نکل آتے، ورنہ ظاہر ہے جب آپ نے تیل باہر سے خریدنا ہے تو قیمتیں بڑھیں گی۔
پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی ریجن میں سب سےکم ہیں، یا تو تین سالوں میں تیل کے کنوئیں نکل آتے ورنہ ظاہر ہے جب آپ نے تیل باہر سے خریدنا ہے تو قیمت بڑھے گی تو قیمتیں بڑھیں گی، یہی اصول باقی درآمدات کیلئے ہے۔اصل کامیابی یہ ہےکہ75 فیصد آبادی کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے https://t.co/vfggD1xaFx
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 16, 2021
ان کا کہنا تھا کہ یہی اصول باقی درآمدات کیلئے ہے۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ 75 فیصد آبادی کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی قوت خرید ہندوستان سے بہتر ہے، تنخواہ دار طبقے کی مشکلات اپنی جگہ لیکن 60 فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے جن کو 1100 ارب روپے اضافی آمدنی ہوئی۔
پاکستان کی قوت خرید ہندوستان سے بہتر ہے، تنخواہ دار طبقے کی مشکلات اپنی جگہ لیکن 60 فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے جن کی کو 1100 ارب روپے اضافی آمدنی ہوئ، تعمیرات اور انڈسٹری سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا، مستری اور مزدور کی دیہاڑی تین گنا بھی بڑھی https://t.co/m5E9xbAe0c
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) September 16, 2021
فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں تعمیرات اور انڈسٹری سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا جبکہ مستری اور مزدور کی دیہاڑی تین گنا بھی بڑھی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مہنگائی کے عذاب سے دوچار عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے سوال پوچھا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے مزید اضافہ کر دیا گیا ہے، عمران خان صاحب سے پوچھنا تھا کہ عوام کے دن کب اچھے ہونگے۔