پاکستان میں آج کرپشن بلند ترین سطح پر ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن آج بلند ترین سطح پر ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گرین لائن منصوبہ مسلم لیگ ن کا منصوبہ تھا اور عمران خان آج اس منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وجہ سے عمران خان کو منصوبوں پر تختی لگانے کا موقع ملا اور آج ہم جو بجلی استعمال کر رہے ہیں وہ بھی نواز شریف کی دی ہوئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکن نواز شریف کے منصوبے افتتاح کرنے گئے تھے لیکن  ہمارے پرامن کارکنوں پر لاٹھیاں برسائی گئیں اب پاکستان کے عوام ان کی حقیقت جان چکی ہے۔ مسلم لیگ ن کے پرامن کارکنوں پر تشدد قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 3 سال سے صرف جھوٹ بول کر عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور جب ان کی چوری پکڑی جاتی ہے تو نواز شریف پر کیس بنا دیے جاتے ہیں۔ کرائے کے ترجمانوں کے بیانات صرف جھوٹ پر مبنی ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اپنی چوریاں اور ڈاکے چھپائے جا رہے ہیں اور جب کوئی چوری پکڑی جائے تو کمیشن بنا دیا جاتا ہے۔ عوام کو علم ہے کہ کون جھوٹ بول رہا ہے۔ جس چیز کا یہ نوٹس لیتے ہیں وہ مہنگی ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق 93 فیصد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور میں مہنگائی بڑھی اور بے روزگاری کی شرح تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔ پاکستان میں کرپشن بھی بلند ترین سطح پر ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹا، بجلی، گیس اور دوائیوں کو کرپشن سے آلودہ کر دیا گیا جبکہ کوویڈ کے دوران عوام کو ریلیف بھی نہیں دیا جا سکا اور کورونا ریلیف فنڈ پر بھی ان چوروں نے ڈاکہ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے کہا تھا ایک اعشاریہ 24 ٹریلین کورونا ریلیف فنڈ میں مختص کیا ہے لیکن آڈیٹر جنرل کہہ رہا ہے 40 ارب روپے کے کورونا فنڈ میں ڈاکہ ڈالا گیا ہے اور آڈیٹر جنرل کو آڈٹ کے لیے ریکارڈ نہیں دیا گیا، رپورٹ 6 ماہ تک چھپائی گئی۔ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کہا کہ کورونا فنڈ میں ملنے والی قسط میں کورونا فنڈز ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں