اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ایک مہم چلائی جا رہی ہے حالانکہ خطے میں پاکستان میں سب سے کم مہنگائی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.48 فیصد کمی ہوئی ہے۔
وزیراطلاعات فوادچودھری نے کابینہ اجلاس پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ سانحہ سیالکوٹ کے جو ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں ان سے تحقیقات کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ نے سانحہ سیالکوٹ کی بھرپور مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں آئے روز اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔ بھارت ایسے واقعات پر کوئی پتہ تک نہیں ہلتا۔ سانحہ اے پی ایس پر جس طرح قوم اکٹھی تھی سانحہ سیالکوٹ پر بھی متحد ہے۔ ماضی میں جو سخت اقدامات نہیں کئے جاسکےوہ اب کئے جائیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ ای وی ایم پر حکومت کا مؤقف ایک ہے۔ اپوزیشن ایم وی ایم کوچیک کرناچاہے توضرور کرے۔ ای وی ایم کے حوالے سے اپوزیشن نے 27 شرائط پیش کی تھیں۔ ای وی ایم لانے کا ہمارا مقصد اتنا ہے انتخابات صاف اور شفاف ہوں۔ اوور سیز پاکستانیزکو ووٹ کا حق دینے کے معاملے پرپیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے سیاست کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ اوورسیزپاکستانیز کو ووٹنگ کا حق نہ دینا خودکشی کے مترادف ہے۔ بہت سارے اوورسیز پاکستانیز پی ٹی آئی میں شامل نہیں۔ حسن اور حسین نواز بھی اوورسیزمیں شامل ہیں انہیں بھی ووٹ دینا چاہئے۔ پی ٹی آئی نے منشور میں اوورسیزپاکستانیزکوووٹ کا حق دینے کا کہا تھا۔ اوورسیزپاکستانیز کو ان کا یہ حق حکومت ضرور دے گی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کا کہنا ہے جو کمیٹی احتساب کے عمل پر یقین رکھتی ہے اسے مضبوط کریں گے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں جتنی زیادہ شفافیت آئے گی اتنے ہی بہتر فیصلے ہوں گے۔ کابینہ اجلاس میں قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ مہم چلائی جارہی ہے مہنگائی بہت زیادہ ہوچکی ہے۔دو ہفتے سے ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے جا رہی ہیں۔ حکومت ہر چیز کو سبسڈائز نہیں کرسکتی،جن چیزوں پرضروری ہے وہ کریں گے۔ احسان راشن پروگرام کے تحت آٹا،دالوں،چینی اور گھی پر30فیصد سبسڈی دیں گے۔ پورے ملک کی نسبت کراچی اور حیدرآباد میں اشیائے ضروریہ کی چیزیں بہت زیادہ ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ صوبوں میں 20کلوآٹا 1100 میں سندھ میں 1400 میں فروخت ہورہا ہے۔ بلوچستان میں آٹا سندھ سے جاتا ہے وہاں بھی 1400 میں فروخت ہورہا ہے۔ لاہور سمیت بہت سے شہروں میں چینی 90 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے۔ راولپنڈی،اسلام آباد میں چینی 95 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔ سندھ میں چینی کی قیمت 120 روپے سے زائد ہے۔ ملک بھر میں ویجی ٹیبل گھی 399 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دالیں،چکن،انڈے،ٹماٹر دوسرے ممالک کی نسبت پاکستان میں سستے ہیں۔ انٹرنیشنل لیول اور ریجن میں اشیائےضروریہ کی قیمت پاکستان سے زائد ہیں۔ ملک میں مہنگائی ایک طبقے کیلئے ہے اس سے انکار نہیں۔ چار سو ارب روپے زراعت کےشعبے میں اس سال زائد آئے ہیں۔ آمدنی اور اخراجات کا موازنہ کیا جائے تو اصل صورتحال سامنے آتی ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے افغان باشندوں کو دوسرے ممالک جانے کیلئے ہوائی سفر کی اجازت دی ہے۔ اب افغان باشندےجہازوں کےذریعےپاکستان سے دوسرے ممالک جاسکیں گے۔ افغانستان کیلئے 40 اشیا کے اوپر درآمدی ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے۔