معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاناما نااہل و مفرور بڑے میاں کی کرپشن کی داستان ہے۔
شہباز گِل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے میاں مفرور کو نا اہل قرار دیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں کیپیٹل ایف زیڈ ای کے بارے میں 2013 میں اپنے کاغذات نامزدگی میں ذکر نہ کرنے کے باعث موصوف کو نااہل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں بڑے میاں کو 10 سال قید ہوئی، نواز شریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ بھی عائد کیا گیا، تمام حقائق و دلائل جاننے کے بعد معزز عدالت نے فیصلہ سنایا۔
معاون خصوصی نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ آج کیلبری کوئین سیاسی انجینئرنگ کا منجن بیچ رہی ہیں، سالہا سال سے چلتے کیسوں میں نااہل ایک جواب تک نہ جمع کروا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں روتے ہیں اور باہر کیمرے کے سامنے وکٹری کا نشان بناتے ہیں۔