وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومتی ٹیم آج لاہور میں ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ وزیر اعظم اور پیر نور الحق قادری نے ٹی ایل پی کے احتجاج سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ڈاکٹر پیر نور الحق قادری کراچی سے لاہور پہنچ گئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ کو بھی لاہور پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
حکومتی ٹیم تحریک لبیک پاکستان سے احتجاج اور مطالبات سے متعلق مذاکرات کرے گی۔ حکومتی ٹیم میں پیر نورالحق قادری، شیخ رشید احمد اور راجہ بشارت شامل ہوں گے۔
ٹی ایل پی سے مذاکرات سے قبل پیر نورالحق قادری نے علما کرام سے ٹیلیفونک رابطے بھی شروع کر دیے ہیں۔ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ عوام کی مال و جان کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ ٹی ایل پی کے احتجاج کے باعث وزیر داخلہ شیخ رشید آج صبح متحدہ عرب امارات سے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔شیخ رشید گزشتہ روز پاک بھارت میچ دیکھنے کےلیے دبئی گئے تھے۔
یاد رہے کہ ٹی ایل پی مطالبات کے حق میں لاہور میں احتجاج کر رہی ہے۔ گزشتہ رات مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراو کیا جس سے 2 اہلکارشہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم بھی پھینکے۔ پولیس نے مظاہرین کو توڑ پھوڑ اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچانے پر روکا تھا۔
احتجاج کے باعث لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد کے متعدد راستے اور اہم شاہراہیں بند ہیں۔ لاہور میں بیشتر علاقوں میں انٹر نیٹ سروس کی بند بھی کی گئی ہے۔
دوسر ی جانب اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے باعث اضافی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔