پنجاب کے شہر وزیر آباد میں تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے مظاہرین کا آج دسواں روز ہے۔
مظاہرین وزیر آباد کے اللّٰہ والا چوک کے قریب واقع پارک میں لگائے گئے خیموں میں موجود ہیں۔
وزیر آباد شہر میں انٹرنیٹ سروس آج بھی بند ہے،جبکہ تھانہ سٹی، تھانہ صدر وزیر آباد اور ڈی ایس پی کے دفتر کو تالے لگے ہوئے ہیں۔
ادھر دریائے چناب کے پل سے رکاوٹیں ہٹانے کے بعد جی ٹی روڈ کا ایک ٹریک بحال کر دیا گیا ہے۔
لاہور سے راولپنڈی جانے والے ٹریک پر دونوں طرف ٹریفک رواں دواں ہے، دریائے چناب کے پل پر جی ٹی روڈ کو 15 روز قبل بند کیا گیا تھا۔
جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف کنٹینرز لگا کر خندق بھی کھودی گئی تھی۔
وزیر آباد میں ریسکیو 1122 کی سروس بھی جزوی طور پر بحال ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے آئندہ پر تشدد احتجاج نہ کرنے کی یقین دہانی پر تحریک لبیک پاکستان کو وسیع تر قومی مفاد میں بحال کردیا ہے۔
تنظیم نے آئندہ آئین و قانون کی پاسداری کرنے کی تحریری ضمانت دی تھی جس پر 4 نومبر کو پنجاب کابینہ نے سمری منظور کر کے تحریکِ لبیک پاکستان کی بحالی کے لیے سفارش وفاق کو بھیجی تھی۔
گزشتہ روز سرکولیشن سمری کے ذریعے وفاقی کابینہ نے بھی کالعدم کا اسٹیٹس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔