ٹھٹھہ؛ لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن آٹھویں روز بھی جاری

ٹھٹھہ میں لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن آج آٹھویں روز بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے پاک نیوی 31 کریک بٹالین کی جانب سے آٹھویں دن سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

پاک نیوی کے جوان اور ماہر غوطہ خور سرچ آپریشن میں مصروف عمل ہیں جبکہ سرچ آپریشن حجامرو،چھان اور ترشیئن کریکس میں جاری ہے۔

سرچ آپریشن 31 کریک بٹالین کے کمانڈنگ افسر کیپٹن منصور علی کی سربراہی میں ہو رہا ہے جبکہ سرچ آپریشن میں 5 واٹر کرافٹ، 9 ہیلی کاپٹر اور اور جدید آلات استعمال کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے گزشتہ سات دنوں کی سرچ آپریشن میں 9 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہے جبکہ 3 افراد کی تلاش تاحال جاری ہے، تینوں لاپتہ ماہیگیروں کا تعلق ضلع بدین سے بتایا جارہا ہے۔

کیٹی بندر میں کشتی الٹنے کے واقعے پر 7 روز کے لئے مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کمشنر حیدرآباد محمد عباس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ڈویزن کے ساحلی اضلاع ٹھٹھہ، سجاول بدین میں کھلے سمندر اور دیگر گہرے پانی کی نہروں میں مچھلی کے شکار پر 7 روز کے لئے 144 نافذ کردی گئی ہے۔

کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ موسم کی تبدیلی اور تیزہواؤں کے باعث ساحلی علاقوں میں مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ آج سے 8 روز قبل پیش آیا تھا جب کیٹی بندر کے قریب کھلے سمندر حجامرو کریک میں ماہی گیروں کی کشتی تیزہواؤں کے باعث الٹ گئی تھی، کشتی میں 16 ماہی گیر سوار تھے 5 ماہی گیر اپنی مدد اپ کے تحت تیر کےکنارے پر پہنچ گئے جبکہ 3 ماہی گیر تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں