ٹریننگ کہاں حاصل کی؟سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار مبینہ دہشتگرد کے سنسنی خیز انکشافات

ایس پی عزیز الرحمان شہید کے بیٹوں کے قتل میں گرفتار مرکزی ملزم کے سنسنی خیز انکشافات نے رونگھٹے کھڑے کردئیے ہیں۔

گذشتہ روز سی ٹی ڈی  کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے واٹربورڈ کے ملازم اور مبینہ دہشتگرد افتخارعرف پٹن نے بھارت اور دیگر ممالک میں ٹریننگ حاصل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ایس پی عزیزالرحمان شہید کےبیٹوں کو قتل کرنے کے بعد پولیس اور رینجرز کے چھاپوں سے ڈر کر 3 ماہ کے ویزے پر دبئی گیا، جہاں دبئی میں ایم کیوایم روپوش کاروباری کارکنوں نے پناہ دی۔

مبینہ دہشتگرد افتخار عرف پٹن نے بتایا کہ دبئی سے مجھے اور سہیل کمانڈو کو کاروبار کے بہانے سنگاپور بھیجا گیا، ڈیڑھ ماہ قیام کے بعد دونوں کو روپوشی کےبہانے بھارت بھیج دیاگیا، دہلی ایئرپورٹ پرایم کیو ایم کارکن طارق زیدی اور ایک نامعلوم شخص نے استقبال کیا، بعد ازاں ہم دونوں کو جیپ میں دہلی ایئرپورٹ کےنواح میں واقع فارم ہاؤس پر لایاگیا۔

ملزم افتخار العباد نے تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ قیام کے کچھ دن بعد پتہ چلا کہ مذکورہ فارم ہاؤس بھارتی خفیہ ایجنسی را کا تھا، بعد ازاں ایم کیو ایم کارکن عرفان بصارت، محمد جنید ، آصف پپو بھی پہنچا دیئے گئے تھے، فارم ہاؤس میں قیام کے دوران ایکسرسائز کرتےتھے، یہاں ہمیں انقلابی لٹریچرپڑھایا گیا۔

گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ بعد خفیہ ایجنسی کے افسران سےملاقات کرائی گئی، انڈیا میں قیام کے دوران شناخت چھپانے کے لئے سب کو عارضی ہندو نام دیئےگئے، سہیل کمانڈو “وجے” آصف پپو”آکاش” محمدجنید “ونود’، افتخار العباد”راکیش” عرفان بصارت “راہول” اور چھٹا کارکن “اجے” تھا۔

سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار مبینہ دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ دہلی سے 7 گھنٹے کی مسافت پر پہاڑوں میں 30 دن تک عسکری تربیت دی گئی، علیم نور، سہیل کمانڈو، عرفان بصارت، آصف پپو اور جنید کو بارود کی تربیت دی گئی، عارضی کیمپس لےجا کر را اہلکاروں نے ایل ای ڈی تیار کرکےدھماکے کا تجربہ کرایا، کچھ عرصے بعد فارم ہاؤس سے دہلی کے رہائشی علاقے کے فلیٹ میں منتقل کردیا گیا۔

گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ بھارت سے پاکستان کیلئے 2،2 کارکنوں کی 3 ٹیمیں بنائی گئیں، پاکستان واپسی پر دیگرسامان کے علاوہ 10ہزار روپے دیئےگئے، حقیقی رہنما آفاق احمد پر حملے کیلئے متعدد بار لانڈھی جاتا رہا، ایس پی عزیزالرحمان کے بیٹوں، گن مین اور ڈرائیور کےقتل کے وقت ٹیم میں تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں