وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ بدنیتی پر مبنی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف رہنما اور وفاقی وزیرمملکت علی محمد خان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اعلیٰ سطح پر کرپشن کا خاتمہ کردیا ہے۔ ملک کو گزشتہ 70 سال سے مختلف بہانوں سے لوٹا گیا اوراداروں کو تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کو آگے کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے مہنگائی کی لہر موجود ہے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ تین ماہ میں مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا۔ عمران خان کرپشن اور احتساب پر کوئی سمجھو تہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ این آر او کے طلبگار وں کو کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بنانے کے لیے کوششیں جاری ہے اور حکومت سازی کے لیے مربوط انداز میں کام شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے ساتھ 13 سال سے ظلم ہو رہا ہے اور سندھ کی حکومت عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ سال 2023 میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے جا رہی ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ترجمان سندھ حکومت کہتے ہیں بیرون ملک سے لوگ سندھ میں علاج کے لیے آرہے ہیں لیکن جس طرح سندھ کے حالات ہیں ملک میں کہیں ایسا نہیں۔ سندھ حکومت نے نوجوانوں کی امید ختم کر دی ہے اور لوگوں کو ڈاکو راج پر چھوڑ دیا ہے اب سندھ میں ڈاکو راج ہے۔ گزشتہ 13 سال سے سندھ کو ڈاکو چلا رہا ہے لیکن ہم نے سندھ کے عوام کو ڈاکو راج سے آزاد کرنا ہے۔ اب ہم سندھ بلدیاتی قانون کے خلاف تحریک چلانے جا رہے ہیں اور سندھ کے نوجوانوں کو سندھ حکومت سے کوئی امید نہیں ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں سیاسی نہیں مافیا حکومت کر رہی ہے اور آصف علی زرداری نے منشی کو وزیراعلیٰ بنا دیا۔ سندھ میں زرداری مافیا گاڈ فادر بند کر بیٹھ گیا ہے۔ سندھ حکومت کے کسی کمیٹی میں حزب اختلاف کے کسی رکن کو شامل نہیں کیا گیا۔