اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزرا نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ پر رکھنے پر شدید اعتراض کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء اسد عمر، بابر اعوان اور شیخ رشید نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو چھوڑ کر پاکستان کو ریڈ لسٹ پر برقرار رکھا گیا۔ 9 ستمبر کو چارٹر طیارے کی پاکستان لینڈنگ کی منظوری روک دی گئی۔
وزرا کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے بتائی گئیں ریڈ لسٹ کی وجوہات غیر تسلی بخش ہیں۔ حکومت پاکستان اس معاملے کو اعلی سطح پر اٹھائے۔
کابینہ اجلاس میں برطانیہ کے ساتھ مجرمان کی حوالگی کیلئے ایم او یو کی سمری پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔ تفصیلی بحث کے بعد وفاقی کابینہ نے سمری ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ برطانیہ نے ایک ماہ قبل بحرین، قطر، یو اے ای اور بھارت کو اپنی کورونا ریڈ لسٹ سے نکال دیا تھاجبکہ پاکستان بدستور شامل رکھا۔