وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔ 13 نکاتی ایجنڈا جاری کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائےگا جبکہ مہنگائی سے متعلق اعداد و شماربھی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ ارکان کے سامنے رکھے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ کو وزارتوں اور ڈویژنز میں خالی آسامیوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ آئی پی او پاکستان چئیرمین اور ممبرکاپی رائٹ بورڈ کے ممبران کی تقرری کی بھی اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ وزارت آئی ٹی کی سمری پر ممبر الیکٹرانک سرٹیفیکیشن ایکریڈیشن کونسل کی تقرری کی بھی منظوری دے گی جبکہ 38 ادویات کی قیمتوں کی زیادہ سے زیادہ قیمت مقررکرنے کی منظوری بھی اجلاس میں شامل ہوگی۔
کابینہ وزارت پاور ڈویژن کی سمری پرحیسکو کے سی ای او کو ہٹانے کی منظوری دے گی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ وزارتِ آبی وسائل میں ممبر پاور اور ممبر واٹر کی تعیناتی کی منظوری بھی دے گی اورکابینہ کمیٹی برائے لیجیسلیٹو کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔