اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے الیکشن کمیشن پر وفاقی وزرا کے الزامات کے ویڈیو کلپس کمیشن کو بھجوادیے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس جاری ہے جس کی صدارت اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال ملک کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے پیمرا نے الیکشن کمیشن کو وفاقی وزرا کے الزامات والے کلپس بھجوادیے ہیں اور اجلاس میں ویڈیو کلپس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں الزامات پر جواب طلب کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ الیکشن کمیشن کے آج کے اجلاس میں ہی وزرا سے جواب طلب کیے جانے کا امکان ہے۔