اسلام آباد: پی ٹی آئی کی حکومت معیشت درست نہیں کر سکی لیکن ایک بار پھر وزیر خزانہ کے بعد سیکرٹری خزانہ کو بھی تبدیل کردیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میجر جنرل سید آصف حسین کو ڈی جی رینجرز پنجاب تعینات کیا گیا ہے ۔ میجر جنرل محمد منیر افسر آئی جی ایف سی کے پی ساؤتھ اور میجر جنرل کمال انور چودھری کو آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ تعینات کیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 21 کے حامد یعقوب شیخ کو ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت خزانہ تعینات کیا گیا ہے ۔ گریڈ 21 کے حامد یعقوب شیخ وزارت منصوبہ بندی میں ایڈیشنل سیکرٹری انچارج تھے ۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق عبدالعزیز عقیلی ایڈیشنل سیکرٹری انچارج وزارت منصوبہ بندی تعینات کیا گیا ہے اس سے پہلے گریڈ 21 کے عبدالعزیز عقیلی وزارت منصوبہ بندی میں ایڈیشنل سیکرٹری تعینات تھے ۔
یوسف خان مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ کے سیکرٹری تعینات ہوئے ہیں ۔ اس سے پہلے وہ وزارت خزانہ میں ایڈیشنل سیکرٹری انچارج تعینات تھے تعیناتیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ سیکرٹری خزانہ یوسف خان کو 6 ماہ پہلے ہی یہ عہدہ دیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم عمران خان اپنے تین سالہ دور کے دوران 6 سیکرٹری خزانہ تبدیل کرچکے ہیں۔