وزیر اعظم عمران خان سے مسلم ممالک کے سفیروں کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان سے مسلم ممالک کے سفیروں کی ملاقات ہوئی ہے۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام پر مسلم ممالک کے سفیروں سے بات چیت کی۔

وزیراعظم پاکستان نے رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کے تصور اور وژن کا خاکہ بھی پیش کیا۔

اس مو قع پر وزیراعظم نے کہاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پوری انسانیت کے لیے رحمت ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام کے آفاقی پیغام کی اپیل اور ریاست مدینہ کے بنیادی اصولوں بشمول عدل کے اصولوں پر عمل کرنے کی نعمتوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ قانون کی حکمرانی، عوام کی فلاح و بہبود اور علم کے حصول پر غیر متزلزل توجہ حقیقی سماجی بہبود اور ترقی کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلمان اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کو پوری طرح سمجھیں اور ان کی تقلید کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کے قیام کا بنیادی مقصد باہمی تحقیق کے ذریعے سنت کی گہرائی سے فہم کو فروغ دینا ہے، نوجوانوں کو اپنے اسلامی تشخص، اقدار اور ثقافت کے تحفظ کے لیے ضروری آلات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمین ﷺاتھارٹی کو مسلم نوجوانوں کو درپیش عصری مسائل پر تبادلہ خیال کرنے اور جدید چیلنجز بالخصوص اسلامو فوبیا کے حوالے سے مربوط اور منطقی فکری جواب پیش کرنے کے لیے دنیا بھر کے اسلامی اسکالرز کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا پابند بنایا گیا تھا۔

اس ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئےوزیراعظم عمران خان نے اسکولوں میں اخلاقیات کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مسلم نوجوانوں کی کردار سازی، اصولوں اور اسلام کی حقیقی روح کے مطابق ہو سکے۔

وزیراعظم عمران خان نے پرنٹ، ڈیجیٹل اور الیکٹرانک میڈیا کے کردار کی اہمیت اور نوجوان نسل کے طرز زندگی اور شخصیت کی نشوونما پر ان کے مواد کے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سفیروں سے اس حوالے سے ان کے تعمیری خیالات بھی سنے۔

مسلم ممالک کے متعدد سفیروں نے وزیر اعظم کے اس اقدام کو سراہا۔

سفیروں نے ہر عالمی فورم پر امت مسلمہ کے مقاصد کے لیے وزیراعظم عمران خان کی بھرپور حمایت کا بھی اعتراف کیا اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں