وزیراعظم عمران خان کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے آج کراچی کا دورہ کریں گے۔
اتوار کو میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ تقریب کنٹونمنٹ ریلوے اسٹیشن پر منعقد ہوگی۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ کراچی کے لئے اچھے دن آرہے ہیں۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ 250 ارب روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ کے سی آر کا ٹریک 43 کلومیٹر پر مشتمل ہے اور 16 اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔
گورنر نے کہا کہ گرین لائن بس سروس کا بنیادی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے، بسیں شہر پہنچ چکی ہیں اور وہ اگلے 10 دنوں میں بسیں چلنا بھی شروع ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ گرین لائن سروس کا افتتاح کیا جائے گا اور اس کے فورا بعد کے فور منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے فور شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مکمل کیا جائے گا۔