وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی سیاست کیلئے 50 دن اہم قرار دے دیئے

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی سیاست کیلئے 50دن اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ 50 دن بعد عمران خان اور مضبوط ہوجائیں گے، اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل اور حکومت کے ساتھ ہے، اپوزیشن عدم اعتماد کیلئے بندے ہی نہیں لاسکتی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ 50روز پاکستانی سیاست کیلئے اہم ہیں، اس کے بعد عمرا ن خان سرخرو ہوں گے ،چوہدری شجاعت منجھے ہوئے سیاستدان ہیں ،ہمارے اتحادی ہی ملاقاتیں کررہے ہیں اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔

شیخ رشید نےکہا کہ 23 مارچ کو بھی اپوزیشن والے آتے نظر نہیں آرہے، یہ سارے ٹی وی ٹی وی پرکھیل رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے کیا لینے کیلئےاسلام آباد آنا ہے، فضل الرحمان کی سیاست مختلف، پیپلزپارٹی اورن لیگ کی مختلف ہے، اپوزیشن کے راستے جدا ہیں، ہمارے اتحادیوں سے مدد مانگ رہے ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ عدم اعتماد لانے کا دعوی کرنے والے لاکر دکھائیں، ان کو شکست ہوگی، یہ لوگ عدم اعتماد کیلئے بندے نہیں لاسکتے، مارچ میں کس کو لے کر آئیں گے، اپوزیشن اپنی چارپائی کے نیچےجھاڑو دے اور اپنے بندے پورے کرے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید کامزیدکہنا تھا کہ عمران خان کے پاس مؤثر ہتھیار دیانت داری کا ہے، اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہےہیں، اس وقت سب سے مضبوط کیس شہبازشریف اور حمزہ شہباز کا ہے، شہباز شریف اور نوازشریف سےزیادہ کرپٹ ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ فیصل واؤڈا کی نااہلی کا فیصلہ پی ٹی آئی کیلئے دھچکا نہیں، فیصل واؤڈا کی نااہلی پر سپریم کورٹ جائیں گے۔

شیخ رشید نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیراوربلوچستان میں وراثتی سرٹیفکیٹ دینے جارہے ہیں، نادرا اور پاسپورٹ سروسز کو بڑھانے جارہے ہیں، رینجرز اور ایف سی کی تنخواہوں میں 15فیصد مارچ سے اضافہ ہوگا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ 14فروری کو چینی وزیرداخلہ آرہے ہیں، عمران خان 22سال بعد روس کا دورہ کریں گے، 23سال بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم پاکستان آرہی ہےیہاں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں