وزیراعظم کی پارٹی کو پنجاب بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کیساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی کو بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات کیلئے مضبوط پارٹی امیدوار ڈھونڈنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی ہے جس میں چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ خان نیازی ،عامر کیانی اور وزیر بلدیات میاں محمود الرشید شامل ہیں۔

کمیٹی بلدیاتی انتخابات کے بارے میں تمام ریجن کے صدورسے بھی مشاورت کرسکے گی، کمیٹی پنجاب میں میئرز اور ضلع کونسل کے چیئرمینوں کیلئے پارٹی کے مضبوط امیدوار تلاش کرے گی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے مضبوط پارٹی امیدواروں کے حوالے سے کام کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو اسمبلی سے جلد منظور کرایا جائے اور بلدیاتی انتخابات کے جلد انعقاد کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے امیدواروں کے انتخاب، پارٹی ٹکٹس کی تقسیم اور ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تجاویز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں