وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، منی بجٹ کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں پہلی قومی سلامتی پالیسی بھی پیش کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس کا 18 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال پر غور ہوگا۔ کابینہ کو ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کی پیشرفت پر بریفنگ دی جائے گی۔
ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی، چیئرمین ایس ای سی پی اور ممبر کے استعفیٰ، نئے ممبر کی تعیناتی، انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن ایکٹ کی اصولی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ ساجد مجید چودھری کیس میں انکوائری کمیشن بنانے کی منظوری دی جائے گی۔
انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم بنانےکی منظوری شامل ہے۔ پاکستان سے 2 ملزمان کی اٹلی حوالگی کا معاملہ کابینہ اجلاس میں پیش ہوگا۔ بینکنگ کورٹ 1 ملتان کی ڈی آئی خان منتقلی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
نیشنل میڈیکل اتھارٹی کے ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ ادویات کی تیاری میں تبدیلی کی سفارشات کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
پاکستان پلاننگ اینڈ مینجمنٹ انسٹی ٹیوٹ بل منظوری کیلئے کابینہ میں پیش ہوگا۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے یکم دسمبر کے فیصلوں کی توثیق شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی قانون سازی کے 16 اور 17 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔