امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر مافیاز ملک و قوم کو لوٹ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے احتساب و انصاف کو قبر کھود کر دفن کر دیا ، وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ظالم اشرافیہ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ، لوگ مہنگائی کی وجہ سے مر رہے ہیں ، بے روزگاری اور غربت گھر گھر ناچ رہی ہے ، الیکشن ریفارمز ملک کی سب سے اہم ضرورت ہیں ، حکمرانوں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ افغانستان میں اسلامی حکومت کو تسلیم کریں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مستقبل میں پاک افغان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، وہ دن دور نہیں جب کشمیر اور فلسطین پر بھی آزادی کا سورج طلوع ہو گا ، امت مسلمہ کو غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا ، قوم آئندہ الیکشنز میں جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں۔