وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچیں گے جہاں وہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیو کراچی سرکلر ریلوے بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین ہوگی، یہ منصوبہ 170 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا، نیو کراچی سرکلر ریلوے کے لیے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا جبکہ ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے یومیہ 3 سے 5لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے امکان ہے، یہ منصوبہ نجی کمپنی کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا اور اس منصوبے کے لیے اراضی حکومت دے گی ۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی کے دورے پر وزیراعظم عمران خان سے پارٹی رہنما اور ارکان اسمبلی ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم عمران خان سے مختلف مسالک کے علمائے کرام بھی ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کو سندھ میں پارٹی امور اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم عمران خان کراچی میں امن و امان کا بھی جائزہ لیں گے۔