وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے، جہاں وزیراعظم گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم صوبائی کابینہ کے ارکان سے بھی ملیں گے، جب کہ پنجاب میں عوامی رابطہ مہم کا جائزہ بھی لیں گے۔
دوسری جانب، عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں تحریک انصاف نے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے ابتدائی مرحلے میں 4 بڑے جلسوں کا شیڈول تیار کرلیا ہے، وزیراعظم اور پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین جلسوں سے خطاب کریں گے.
پہلا جلسہ 18 فروری کو منڈی بہاؤالدین میں ہوگا۔ سندھ کے ضلع تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ میں بھی جلسہ کیا جائے گا جہاں وزیراعظم عمران خان بڑے یتیم خانے کا افتتاح کریں گے۔
جنوبی پنجاب کے جلسے ملتان یا رحیم یار خان ڈویژن میں ہوں گے، جس کیلئے حتمی اعلان کچھ روز میں متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں جلسوں کی تیاری کا ٹاسک وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپا گیا ہے۔
عوامی رابطہ مہم کے باقی جلسوں کی تاریخیں بھی جلد فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 7 فروری کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں بڑے پیمانے پر جلسے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا.