وزیراعظم عمران خان اور گورنر پنجاب چودھری سرور کی ملاقات ہوئی جس میں گورنر پنجاب نے وزیراعظم کو اپنے دورہ برطانیہ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر لاہور پہنچے تو گورنر محمد سرور اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ان کا استقبال کیا۔
گورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کے دوران چودھری محمد سرور نے وزیراعظم کو اپنے دورہ برطانیہ سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سب نے افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں دی ہیں، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ون آن ون ملاقات بھی شیڈول ہے جس کے دوران وہ عمران خان کو صوبے کے اہم امور بارے بریف کریں گے۔ وزیر اعظم سے آئی جی اور چیف سیکرٹری بھی ملاقات کریں گے۔
کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس ہو گا، گورنر ہاوس میں ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے “نیا پاکستان سب کے لئے ” کی تقریب بھی ہو گی۔ وزیر اعظم تقریب سے خطاب کریں گے۔