مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر سامنے آ گئی، نیپرا نے بجلی 99 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔
نیپرا نے منظوری مالی سال 2021 کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی ، فیصلہ نوٹفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادیا ۔ بجلی کی قیمت میں کمی سے صارفین کو 22 ارب 48 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ کمی کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے ہوگا ،نیپرا کے مذکورہ فیصلے سے صارفین کو 3 ماہ کیلئے ریلیف ملے گا۔
گذشتہ روز آئی ایم ایف کے دباؤ پر منی بجٹ کیلئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مالیاتی ضمنی بل ایوان میں پیش کیا گیا جس سے عام شہری مہنگائی کے سونامی میں سر تک ڈوب گیا، منی بجٹ میں سب کچھ مہنگا ہو گیا، درآمدی کپڑے، جوتے، پرفیومز،جوس، بچوں کا دودھ اور میک اپ کا سامان سب پہنچ سے باہر ہو گئے، عام آدمی کی سواری بھی جیب پر بھاری ہو گئی، سائیکلوں پر دی گئی ٹیکس چھوٹ ختم کر دی گئی ہے۔
درآمد ی مشینری اور پاور جنریشن پارٹس پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس کی تجویز ہے۔ ایسے میں بجلی کی قیمت میں حالیہ کمی عوام کیلئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ثابت ہو گی